امریکا کا تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے بھارت کا جتن، مزید گیس اور تیل خریدے گا

جمعہ 14 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکا اور بھارت کے درمیان ’میگا پارٹنرشپ‘ کو سراہا ہے، جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے کی کوشش میں مزید امریکی تیل اور گیس بھارت درآمد کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا 2 روزہ دورہ امریکا ایسے وقت میں کیا ہے، جب ٹرمپ نے حال ہی میں حکم دیا تھا کہ امریکا کے بھارت سمیت تمام تجارتی شراکت داروں کو بڑے پیمانے پر باہمی محصولات کا سامنا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی کے اچانک دورۂ امریکا کا اعلان، کیا بھارتی شہری بھی ’ٹرمپ پالیسی‘ کا شکار ہوگئے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی قیادت کی تعریف کی، صدر ٹرمپ نے ہندوستان پر دنیا میں سب سے زیادہ تجارتی محصولات عائد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ایک بڑا مسئلہ قراردیا۔

ہندوستانی وزیراعظم نے امریکا کی جانب سے متوقع تجارتی رکاوٹوں کو نرم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی اشیا پر محصولات کو کم کرنے، امریکا میں مقیم غیر قانونی بھارتی شہریوں کی واپسی سمیت امریکا سے فوجی لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا سے بھارتیوں کی بیدخلی پر وزیر خارجہ جے شنکر کو وضاحت کیوں کرنا پڑی؟

ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کے نعرے کے متعدد حوالے دیتے ہوئے اپنا تڑکا بھی لگایا۔ ’یہ (نعرہ) ہے ہندوستان کو پھر سے عظیم بنائیں۔‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارے کو ختم کرنے کی کوشش میں امریکا کا بہت تیل اور گیس خریدے گا۔ ’انہیں اس کی ضرورت ہے اور وہ ہمارے پاس ہے۔‘

مزید پڑھیں: امریکا کی 22 ریاستوں نے صدر ٹرمپ کا کون سا حکم عدالت میں چیلنج کردیا؟

بی بی سی سے گفتگو کے دوران سنگا پور کے ڈی بی ایس بینک کی ایک سینیئر ماہر اقتصادیات رادھیکا راؤ کے مطابق بھارت پہلے سے ہی درآمدی تیل پر انحصار کرتا رہا ہے، جسے وہ متعدد ممالک سے حاصل کرتا ہے، امریکا کے ساتھ توانائی کا معاہدہ دونوں فریقوں کے لیے نسبتاً آسان حل ہے۔

رادھیکا راؤ کے مطابق امریکا ہندوستان کے سامان اور خدمات کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، جو تجارتی تعلقات کو پہلے سے ہموار کرنے اور دو طرفہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے رعایتوں کی پیشکش کرنے کے لیے انتظامیہ کی رضامندی کو واضح کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp