وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کریں گے

جمعرات 20 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم یعنی ایس سی او  کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا متوقع دورہ بھارت 2014 میں وزیر اعظم نواز شریف کے بعد کسی بھی پاکستانی رہنما کا پہلا دورہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا کہ بلاول بھٹو زرداری 4 مئی کو بھارتی شہر گوا میں ہونے والی SCO کونسل آف وزرائے خارجہ میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ کانفرنس دو روز جاری رہے گی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں ہماری شرکت ایس سی او کے چارٹر اور عمل کے لیے پاکستان کے عزم اور اس اہمیت کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں خطے کے لیے دیتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت پر فائز بھارت نے جنوری میں چین کے نئے وزیر خارجہ کن گینگ اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر ارکان کو گوا اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں 2019 میں مبینہ دہشت گرد حملہ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو ملوث کرنے اور پاکستانی حدود میں فضائی حملوں کی ناکام کوششوں  کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہوگئے تھے۔

اگست 2019 میں ہندوستان کی طرف سے جموں و کشمیر کے خصوصی اختیارات واپس لینے اور ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے اعلان کے بعد تعلقات مزید خراب ہوئے۔

شنگھائی تعاون تنظیم ایک علاقائی، سیاسی اور سیکیورٹی بلاک ہے جس کے ارکان میں روس، چین، بھارت اور پاکستان شامل ہیں۔ ہندوستان 9 جون 2017 کو تنظیم کا مکمل رکن بنا، جس میں افغانستان، بیلاروس، ایران اور منگولیا سمیت چار مبصر ریاستیں جب کہ آرمینیا، آذربائیجان، کمبوڈیا، نیپال، سری لنکا اور ترکی بطور مذاکراتی شراکت دار شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp