ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بالر اور مشہور کمنٹیٹر ایان بشپ نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان سے بہتر میزبان کوئی اور نہیں ہوسکتا تھا۔
ایان بشپ کا کہنا ہے کہ یہ بہت شاندار ٹورنامنٹ ہوگا جس کے لیے وہ پُرجوش ہیں اورعمدہ پرفارمنس کی توقع کررہے ہیں کیونکہ چیمپیئنز ٹرافی میں بہت سے سپر اسٹارز کھیلیں گے۔
"Couldn't think of a better place to be hosts of the @ICC Champions Trophy 2025 than Pakistan"
Former cricket greats Ian Bishop, JP Duminy and Tim Southee look forward to the tournament in 🇵🇰#ChampionsTrophy pic.twitter.com/m494u1MxmC
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 17, 2025
ایان بشپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعدد سیریز میں کمنٹری کے لیے پاکستان آچکے ہیں اور انہوں نے کھیل کے لیے جو محبت اور جذبہ یہاں دیکھا ہے وہ مثالی ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر جے پی ڈومنی اور کیوی بولر ٹم ساؤتھی کا کہنا ہے کہ وہ بھی پاکستان میں ٹورنامنٹ کے منتظر ہیں۔ جے پی ڈومنی کا کہنا تھا کہ وہ 2018 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پاکستان آئے تھے اور انہیں چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں منعقد ہونے پر اچھا لگ رہا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے جہاں افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔ 8 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز لائیو کہاں کہاں دیکھے جاسکتے ہیں؟
ٹورنامنٹ کے میچز کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے جس کے لیے تمام گراؤنڈز کی تزئین و آرائش کی جاچکی ہے البتہ بھارت کے تمام میچز، بشمول ممکنہ سیمی فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہیں۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا گروپ مرحلہ 2 مارچ تک جاری رہے گا۔ 4 اور 5 مارچ کو سیمی فائنلز کھیلیں جائیں گے۔ ہر میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ہوگا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں سہ فریقی سیریز جیت چکی ہے۔