اسلام آباد میں رجب طیب اردوان ایف8 انٹرچینج فعال کردیا گیا

منگل 18 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں رجب طیب اردوان انٹرچینج ٹریفک کے لیے  کھولنے کا افتتاح کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کا افتتاح کردیا

اسلام آباد میں رجب طیب اردوان انٹرچینج کو فعال کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ترکیہ کے سفیر، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر اعلی حکام شریک ہوئے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب ایردوان انٹرچینج کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے لوگوں کو سہولت ہو گی، جناح سکوائر کے بعد ایک اور شاندار عوامی منصوبہ تکمیل تک پہنچا ہے، وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے کے لیے مزید منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔

فلائی اوور، یوٹرن اور سڑکوں کی تعمیر کے اس منصوبہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو سہولت حاصل ہو گی، وزیر داخلہ ، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور منصوبہ سے منسلک دیگر حکام کو محسن نقوی سپیڈ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، قلیل مدت میں منصوبہ کی تکمیل لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے، 84 دنوں میں مجوزہ لاگت سے بھی کم لاگت میں یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے، اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے مزید منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو فوری طور پر مکمل کرنا اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بہت ضروری ہے، اس سے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، سیکٹر ایف 9 انٹرچینج ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے منسوب

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس پراجیکٹ کے افتتاح کی تصاویر خط میں لگا کر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو انقرہ بھیجیں گے تاکہ ان کو احساس ہو کہ وہ واقعی پاکستان کے بھائی اور بہترین دوست ہیں، یہ پراجیکٹ مقرر کردہ لاگت سے بھی کم لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، قلیل مدت میں منصوبے کی تکمیل لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس افتتاحی تقریب کی تصاویر اور ویڈیو ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو بھی بھجوائوں گا جو پاکستان کے دوست اورخیرخواہ ہیں، ترکیہ صدر کی آمد پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، ان کو پیغام پہنچائیں گے کہ پاکستان اور ترکیہ برادر ملک اور بہترین دوست ہیں۔

منصوبہ بجٹ میں مختص رقم سے بھی کم لاگت اور ریکارڈ مدت میں  مکمل کیا گیا، محسن نقوی

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبہ کو بجٹ میں مختص رقم سے بھی کم لاگت اور ریکارڈ مدت میں اسے مکمل کیا گیا ہے، اس منصوبہ سے اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ کی تکمیل کا دورانیہ 180 روز مقرر کیا گیا تھا لیکن اسے 84 دنوں میں مکمل کر لیا گیا، اس منصوبہ میں ایف ٹین سے منسلک 4.3 کلومیٹر کی سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں، بارش کے پانی کے نکاس کے لیے 2 کلومیٹر لمبے نالے بھی بنائے گئے ہیں، منصوبہ کی تکمیل سے یومیہ 70 ہزار گاڑیاں اس فلائی اوور سے مستفید ہوں گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ منصوبہ مکمل ہونے سے پہلے ایف ایٹ چوک سے روزانہ 41 ہزار کے قریب گاڑیاں گزرتی تھیں، اس منصوبہ سے سیکٹر جی ایٹ، جی نائن، کشمیر ہائی وے اور سینٹورس مال کی طرف آنے والے شہری مستفید ہوں گے، منصوبہ میں شامل 1.3 کلومیٹر طویل انڈر پاس کی 42 دنوں میں تکمیل کی گئی ہے، منصوبہ میں 1.1 کلومیٹر طویل فلائی اوور بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp