امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور علاقے کو اپنے مستقل قبضے میں لینے کے منصوبے سے بالآخر پسپائی اختیار کرلی ہے۔
منصوبے پر امریکی صدر کے رویے میں تبدیلی مصر اور اردن کی جانب سے اس پلان کی منظوری سے انکار پر سامنے آئی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کے میزبان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر سال اردن اور مصر کو اربوں ڈالرز دیتے ہیں، مجھے ان کے ایسا کہنے پر تھوڑی بہت حیرانی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی منصوبہ مسترد، اردن غزہ کی حمایت میں ڈٹ گیا
انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ یہ ایسا منصوبہ ہے جس کا فائدہ ہوتا مگر میں زور زبردستی اس پر عمل درآمد نہیں کروں گا، میں پیچھے ہٹ کے بیٹھوں گا اور صرف اس کی تجویز دوں گا۔
واضح رہے کہ رواں مہینے کے شروع میں واشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا اور ہم اس کے مالک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: بہت جلد غزہ پر قبضہ کرلیں گے اور ہم اس کے مالک ہونگے، ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دعویٰ
انہوں نے کہا تھا کہ اس قبضے کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا ہے، جس کے لیے طویل عرصہ تک غزہ امریکا کی ملکیت ہوگی، ان کے منصوبے کے تحت مصر اور اردن فلسطینیوں کو پناہ فراہم کریں گے۔
تاہم بعد میں اردن اور مصر سمیت دیگر عرب ممالک اور بین الاقوامی سربراہان مملکت کی طرف سے امریکی صدر کے اس منصوبے کو مسترد کرکے اسے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور خطے میں نئے تنازعے کی ممکنہ وجہ قرار دی گئی تھی۔