گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کو ہرانے پر قومی ٹیم کے لیے ایک کروڑ انعام کا اعلان کردیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اس وقت لندن میں ہیں لیکن ان کی دعائیں اور دل پاکستان اور بھارت ٹاکرے پر ہے۔
انہوں نے کہا ’اگر ہماری ٹیم جیتتی ہے تو میں اپنی طرف سے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کررہا ہوں۔‘
’ایسا نہیں ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم ہارتی ہے تو ہم اسے اپنے دل سے نہیں لگائیں گے۔ یہ ہمارے سر کا تاج ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دعا کر رہی ہے۔ ان شااللہ تعالیٰ جیت کی امید کے ساتھ آج ہماری ٹیم قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ اللہ ہماری مدد ضرور کرے گا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائی وولٹیج میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ سے ایونٹ کا پہلا میچ ہارنے کے بعد اب سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا ناگزیر ہے۔
ایونٹ کا سب سے اہم سمجھے جانے والے پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لیے دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 ہزار کا مجمع ہوگا جب کہ کروڑوں لوگ لائیو براڈکاسٹ کے ذریعے میچ دیکھیں گے۔