امریکی صدر جوبائیڈن عید الفطر کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا سمیت ہر قسم کی نفرت سے نمٹیں گے۔
وائٹ ہائوس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ’جب ہم اس عید کی برکات کو منا رہے ہیں تو آئیے! اپنے آپ سے امن قائم کرنے اور تمام لوگوں کے حقوق اور وقار کے لیے کھڑے ہونے کے لازوال کام کا بھی دوبارہ عہد کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ اسلامو فوبیا سمیت ہر قسم کی نفرت سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے اس اور متعلقہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سرکاری حکام کے ساتھ ایک بین الایجنسی ٹاسک فورس قائم کی اور ہر امریکی کو مزید جامع قوم بنانے کی ترغیب دی۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ رمضان اور عید کے دوران دکھائی جانے والی ’سخاوت‘ سے متاثر ہوئے جب مسلمان ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کرتے ہیں اور خیرات کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’ہمیں اس سال ایک بار پھر وائٹ ہاؤس میں عید الفطر منانے پر فخر ہے تاکہ متاثر کن مسلمان امریکیوں کی عزت کی جاسکے جو ہمارے ملک میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔‘