پاک آذربائیجان تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مفید بات چیت کا منتظر ہوں، وزیراعظم شہباز شریف

اتوار 23 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برف کی چادر میں لپٹے دلکش شہر باکو پہنچا ہوں اور پاک آذربائیجان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفید بات چیت کا منتظر ہوں۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے

اتوار کو آذربائیجان کے 2 روزہ دورے پر باکو پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ باکو کے خوبصورت شہر میں اترا ہوں جو ماضی اور مستقبل کا حسین امتزاج ہے۔ یہ شہر برف کی چادر تلے اور بھی دلکش لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفید بات چیت کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے بھی خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے ہیں۔

حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سینیئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف کا آئندہ ہفتے وسطی ایشیا کا اہم دورہ، تیاری آخری مراحل میں داخل

وزیراعظم آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ آذربائیجانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی، تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت، توانائی و دفاعی تعاون کے فروغ، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp