نیوزی لینڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن پاکستان چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا۔ جبکہ بنگلہ دیش کا بھی ایونٹ میں سفر تمام ہوگیا ہے۔
آج کا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کی شکست پر گلوکاری، شعیب ملک تنقید کی زد میں کیوں؟
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 236 رنز بنائے، جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا 112 رنز اسکور کرکے نمایاں بیٹر رہے۔ ٹام لیتھم 55، ڈیوون کانوے 30 اور کین ولیمسن نے 5 رنز بنائے، جبکہ ول ینگ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ گلین فلپس 21 اور مائیکل بریسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد، مستفیض الرحمان، ناہید رانا اور رشاد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کی اننگز
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسنین نے 77 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، اس کے علاوہ ذاکر حسین 45، رشاد حسین 26، مہدی حسن میراز 13 اور تسکین احمد نے 10 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے مائیکل بریسویل نے 4 اور ول او رورک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ میٹ ہینری اور کائل جیمیسین ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اگر آج بنگلہ دیش سے ہار جاتا تو پھر پاکستان کے چیمپیئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات موجود تھے۔ اب گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: کیا 2 میچ ہارنے کے بعد اب بھی پاکستان اگلے راؤنڈ تک جا سکتا ہے؟
اب 27 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ ہوگا، جو محض ایک رسمی کارروائی ہوگی۔