اسلام آباد ٹریفک پولیس نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی میچز کے دوران مختلف اوقات میں ٹریفک کے لیے روٹ پلان تشکیل دے دیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق غیر ملکی ٹیم کی آمدورفت کے باعث آج رات 9 سے 11 بجے رات تک سری نگر ہائی وے، کلب روڈ اور ایکسپریس ہائی وے پر روٹ لگایا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچز کے دوران ٹریفک پولیس نے روٹ پلان تشکیل دیدیا
ترجمان نے بتایا کہ روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی۔ شہری دوران روٹ اسلام آباد میں سفر کے لیے مختلف انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں سے منسلک سروس روڈ کا استعمال کریں۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری اسلام آباد میں سفر کے لیے مختلف انڈر پاسز کا استعمال کریں، کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے شہری 20 منٹ کا دورانیہ رکھ کر گھر سے نکلیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ایکسپریس وے سے آنے والی ٹریفک کھنہ پل، پارک روڈ کا استعمال کرے، روٹ کے دوران اسلام چوک پل اور آئی جے پی روڈ کھلے رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق بی 17، بی15، ایچ 13 اور جی 13/14 سے بلیو ایریا یا ایف سکس آنے والی ٹریفک مارگلہ روڈ استعمال کرسکتی ہے۔ بلیو ایریا کی جانب سفر کے لیے نائتھ ایونیو اور ایچ ایٹ انڈر پاس کا استعمال کیا جائے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی۔ سفر کے دوران کسی بھی پریشانی اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: 237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ جاری، 4 کھلاڑی آؤٹ
ترجمان نے مزید کہاکہ ٹریفک پولیس کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شہریوں کو بروقت ٹریفک روٹس سے متعلق آگاہی کے لیے موجود ہے۔