بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور خان کھوسہ کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصہ سے پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق میر ظہور خان کھوسہ کراچی کے ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی میت کراچی سے انکے آباٸی علاقے صحبت پور جائے گی جب کہ تدفین میرحسن میں ہوگی۔

بلوچستان کی سیاست کے تناظر میں میر ظہور خان کھوسہ بلوچستان سے وزیراعظم بننے والے میر ظفراللہ جمالی کے سیاسی حریف تھے۔ وہ رکنِ صوبائی اسمبلی میر سلیم خان کھوسہ کے چچا بھی تھے۔ انکے انتقال کے سوگ میں بازار بند رہیں گے۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک سنجیدہ سیاستدان اور نفیس شخصیت کے مالک تھے۔
وزیراعلی نے میر ظہور خان کھوسہ کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے تمام عمر اصولوں کی سیاست کی۔ ‘اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔’














