نااہل ترین حکمران انتخابات کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں، چوہدری پرویز الٰہی

اتوار 23 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی نے حکمران اتحاد کی جانب سے سپریم کورٹ کے خلاف منفی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو معاشی بحران کی فکر ہے نہ ان میں ملکی معاملات سدھارنے کی صلاحیت۔

لاہور میں صنعتکاروں، تاجر رہنماؤں اور سابق بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے ہر ادارے کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔ آئین شکن حکمران صرف اور صرف غیر آئینی طور پر اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی کے مطابق اداروں کو متنازعہ بنانے کی مہم کے پیچھے ماسٹر مائنڈ نواز شریف ہے۔ تاریخ کے نااہل ترین حکمران انتخابات کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے انتخابات کے علاوہ کوئی اور طریقہ نہیں۔‘

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکمران الیکشن سے بھاگنے کے لیے آئین شکنی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ مقررہ آئینی مدت میں انتخابات میں ناکامی پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی نگران حکومتوں کا اب کوئی آئینی جواز نہیں۔

’تحریک انصاف نگران حکومتوں کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرچکی ہے اور اب عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی بھر پور انتخابی مہم چلائے گی۔ عمران خان کی عوامی مقبولیت نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔‘

پرویز الٰہی کے مطابق عوام شہباز شریف کو اب ایک نااہل ترین اور آئین شکن حکمران کے طور پر جانتی ہے۔ ’شہباز شریف کی ناقص گورننس سے اس بار عید پر غریب تو پریشان تھے ہی،صاحب حیثیت بھی حکومت کو کوستے نظر آئے۔ قوم کے لیے امید کی واحد کرن صرف عمران خان ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp