9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل، پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت

جمعہ 28 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

پی ٹی آئی کی وکیل ایڈووکیٹ حامد خان نے استدعا کی کہ 9 مئی کے ملزمان کیخلاف کس انداز سے مقدمہ چلایا جارہا ہے اس سمیت دیگر حقائق جاننے کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نگراں حکومت کی سانحہ 9 مئی سے متعلق رپورٹ میں پرویز الہیٰ اور شاہ محمود قریشی بری الذمہ قرار؟

جسٹس جمال خان مندوخیل نے حامد خان سے دریافت کیا کہ کس قانون کے تحت جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، آپ نے درخواست میں لکھا ہے 9 مئی کو درجنوں لوگ مارے گئے لیکن کسی کا ڈیٹھ سرٹیفکیٹ درخواست کے ساتھ نہیں لگایا۔

حامد خان نے موقف اختیار کیا کہ مجوزہ جوڈیشل کمیشن انکوائری کرے گا تو اموات کا پتا چلے گا، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی بولے؛ ایک سرٹیفکیٹ یا ایف آئی آر کی کاپی تو درخواست کے ساتھ لگائی جاسکتی تھی۔

مزید پڑھیں:عمران خان کا چیف جسٹس کو خط، 26 نومبر واقعہ کی تحقیقات اور جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست

جسٹس امین الدین نے دریافت کیا کہ کیا 9 مئی کے واقعہ پر کوئی پرائیویٹ شکایت درج کروائی گئی، جس پر حامد خان بولے؛ اس معاملہ پر عدالت کو از خود نوٹس لینا چاہیے تھا کیونکہ عدالت نے ماضی میں میمو گیٹ کیس میں کمیشن تشکیل دیاتھا۔

پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کے مطابق 9 مئی کو عمران خان کو گرفتار کیا گیا اور 11 مئی تک گرفتار رہنےکے باعث انہیں نہیں علم تھا کہ باہر کیا ہوا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ میمو گیٹ کے علاوہ نشتر اسپتال اور کوئٹہ سانحہ پر بھی عدالت نے کمیشن تشکیل دیے۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر 2 اجلاس، اپوزیشن کا 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

تاہم جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کافی تبدیل ہو چکی ہے، 9 مئی کے مقدمات اب عدالتوں میں چل رہے ہیں، اس پوزیشن میں نہیں فوری کمیشن بنا دیں، اگر کمیشن بن جائے تو ملٹری کورٹ سے متعلق 5 رکنی بینچ کے فیصلہ کا کیا بنے گا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی بولے؛ کمیشن بن بھی جائے تو 9 مئی کا فیصلہ عدالت کو ہی کرنا ہے، حامد خان کا موقف تھا کہ اصل سوال یہ ہے 9 مئی کے واقعے کا ذمہ دار کون ہے۔

مزید پڑھیں:9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، عمران خان

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ غلط یا صیح اس وقت سینکڑوں لوگوں کو ذمہ دار بنادیا گیا، سینکڑوں لوگوں کیخلاف عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں، سینکڑوں گرفتار لوگوں کے علاوہ بھی دیگر شہریوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے دریافت کیا کہ جو لوگ رہ گئے ہیں کیا ان کو بھی پھنسانا چاہتے ہیں، وکیل سلمان اکرم راجہ بولے؛ عدالت عام انتخابات کے پہلے کے معاملات کو بھی دیکھے، الیکشن کے معاملہ پر بھی جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔

مزید پڑھیں: سیاسی عزائم والے وکلا جوڈیشل کمیشن اجلاس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، بار ایسوسی ایشنز نے ہڑتال کی کال مسترد کردی

سلمان اکرم راجہ کا موقف تھا کہ اس معاملہ پر بانی تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس کو خط بھی لکھا ہے، الیکشن سے قبل ہمارے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا، وکیل انتظار پنجوتھا کو اغوا کیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق الیکشن معاملہ پر کمیشن انکوائری ایکٹ 2015 میں بھی بتایا گیا، جسٹس حسن اظہر رضوی بولے؛ آپ وہ 35 پنکچر والے کیس کی بات کر رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن مجموعی طور پر الیکشن کے دوران حالات حاضرہ کا جائزہ لے گا۔

مزید پڑھیں:حکومت آج جوڈیشل کمیشن کا اعلان کرے، مذاکرات کل شروع ہو جائیں گے، علی محمد خان

جسٹس جمال خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن کی کوئی نہ کوئی سیاسی جماعت بینیفشری ہوتی ہے، آپ نے تو غلطی کا اعتراف کرلیا کہ آئندہ غلطی نہیں ہوگی۔

سلمان اکرم راجہ نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بیان پڑھ لیا، یہاں فیصلہ کوئی اور کرتا ہے، 9 مئی کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں دی گئی، کس نے صوفہ کو جلایا کس نے گیٹ کھولا، سی سی ٹی وی فوٹیج سے سب پتہ چل جائے گا۔

مزید پڑھیں:9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، عمران خان

جس پر جسٹس جمال مندوخیل بولے؛ یہ آپ کا 9 مئی کیسز میں بہت اچھا دفاع ہو سکتا ہے۔

عدالت نے تحریک انصاف کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سانحہ9  مئی پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp