پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ریشم نے ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر پر بدتمیزی کرنے کا الزام عائد کر دیا ۔
ریشم نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے خلیل الرحمان قمر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں وہ بھی خلیل الرحمان قمر کی مداح ہوا کرتی تھیں لیکن اب نہیں ہیں کیونکہ وہ بد تمیزی سے بات کرتے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب خلیل الرحمان قمر کا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ آن ایئر ہوا تو انہوں نے ہمایوں سعید کو اپنے گھر مدعو کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمایوں سعید ایک تقریب میں مدعو تھے تو انہوں نے ریشم کو بھی ساتھ چلنے کا کہا۔ اس تقریب میں خلیل الرحمان قمر بھی موجود تھے۔
ریشم کے مطابق انہوں نے خلیل الرحمان قمر کو دیکھ کر سلام کیا تو انہوں نے سلام کا جواب دینے کے بجائے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا ’سلام مت کرو مجھ سے دور ہو جاؤ‘۔
یہ بھی پڑھیں: تہجد کی نماز نے اداکارہ ریشم کی زندگی کیسے بدلی؟
اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے اینٹ کا جواب اینٹ سے دینا آتا ہے لیکن اس واقعہ پر میں نے خاموشی اختیار کی‘۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ خلیل الرحمان قمر کو اس کا جواب دے سکتی تھیں، لیکن انہوں نے اپنی عزت کی خاطر خاموشی اختیار کی۔
ریشم کا کہنا تھا کہ انہوں نے خلیل الرحمان کے کچھ ڈرامے دیکھے جو کہ ہوبہو بھارتی ڈراموں اور فلموں کی کاپی تھے۔ خلیل الرحمان قمر کو ان کے لکھے ہوئے ڈائلاگز کی وجہ سے بہت عزت ملتی تھی لیکن اب انہیں اپنے الفاظ پر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔