جنوبی افریقہ نے گروپ بی سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا اور افغانستان کی ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ جاری ہے، اگر انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کو 207 رنز سے شکست دیتی تو پھر افغانستان اگلے مرحلے میں کوالیفائی کر جاتا تاہم انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔ اور رن ریٹ کی بنیاد پر جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: انگلینڈ کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف
واضح رہے کہ انگلینڈ پہلے ہی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے، اور گروپ بی سے آسٹریلیا نے سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا جس کے بعد افغان ٹیم کے لیے اگر مگر کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی تاہم اب تمام امیدیں ختم ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں انگلینڈ کی کپتانی چھوڑنے والے جوز بٹلر کے کیریئر پر ایک نظر
اس سے قبل دفاعی چیمپیئن پاکستان بھی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم ایک بھی گروپ میچ جیتنے میں ناکام رہی، تاہم 27 فروری کو بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔