گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپرز حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ شہر قائد میں ڈمپرز کے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو ایک ایک پلاٹ دیا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں 100 سے زائد شہریوں کی ہلاکت کے باوجود ڈمپرز اور ٹرالرز سے متعلق کوئی فیصلہ کیوں نہ ہوسکا؟
انہوں نے کہاکہ روزانہ پلاٹ کی قرعہ اندازی ہوگی اور بلڈرز کی جانب سے اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کی جائےگی۔ میرے پاس اختیار ہوتا تو دیکھتا ہیوی ٹریفک کیسے شہریوں کو کچلتی ہے۔
گورنر سندھ نے کہاکہ ماہ صیام کے دوران گورنر ہاؤس میں ہونے والے پروگراموں کو اتحاد رمضان کا نام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کیونکہ اس وقت نوجوان نسل منشیات کی لت میں مبتلا ہوچکی ہے۔ ضروری ہے کہ اسکولوں کے اساتذہ کا بھی میڈیکل ٹیسٹ کیا جائے۔
کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں منشیات کے خلاف سیل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں عوام کو آگاہی ہی دے سکتا ہوں، اب کوئی کسی کو بلیک میل نہیں کرےگا۔
گورنر نے انکشاف کیاکہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، عمران فاروق طرز پر قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں لیکن انہوں نے اس کے باوجود لندن کا دورہ مکمل کیا۔
انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز رکھنے کی پالیسی وضع ہونی چاہیے، گھروں کے باہر پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کی فوج کھڑی رہتی ہے، میں اس حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کو خط لکھوں گا۔
کامران ٹیسوری نے کہاکہ مصطفیٰ عامر کیس میں گرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں ٹریفک حادثات کو لسانی یا سیاسی رنگ نہ دینے پر سب کا اتفاق ہوگیا، شرجیل میمن
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 132 قسم کی منشیات درآمد کی جارہی ہے، مصطفیٰ عامرکیس میں جج کے رویے پرسندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھوں گا۔