پاکستانی تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی سے متعلق حکومت کے اعداد و شمار غلط ہیں۔
حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اس وقت اپنی ناکامی کا اظہار کررہی ہے، لارج اسکیل مینوفیکچر کا شعبہ سُکڑ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں مہنگائی میں بڑی کمی کے حکومتی دعوے، عوام کے لیے کیا کچھ سستا ہوا؟
انہوں نے کہاکہ ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، پی ٹی آئی دور میں بجلی کا جو یونٹ 17 روپے کا تھا آج 85 روپے کا ہے، جبکہ گیس کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عمر ایوب نے کہاکہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، حکومت جھوٹ بول رہی ہے، جبکہ بلوچستان میں حالات تشویش ناک ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ ہم ڈیفالٹ والی صورت حال سے نکل آئے ہیں اور اب استحکام کی طرف جارہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کو آئے ہوئے پورا ایک سال ہوچکا ہے، 2 دن پہلے کابینہ میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ نئے وزرا کے کابینہ میں شامل ہونے سے اور ان کی کمٹمنٹ، قابلیت، دیانت اور امانت کے ذریعے پاکستانی عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے کا سبب مڈل مین، مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچائیں گے، وزیر خزانہ
دوسری جانب گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب اعداد و شمار جاری کیے گئے تھے جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 1.52 فیصد پر آگئی ہے۔