وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا رمضان پیکج پر اضافی رقم لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ قصور، بھکر اور گجرانوالہ میں کارروائی کے دوران 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے جبکہ غیرقانونی دھندے میں ملوث ایجنٹس بلیک لسٹ کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قصور میں 10 ہزار روپے رمضان پیکج کی رقم پر 5 سو روپے غیرقانونی طور پر لینے والا ملزم بلال گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مکہ موبائل شاپ اور بھکر میں ایلفا ریٹیلر سیل کر دیں، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مشینیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: رمضان پیکج کی تقسیم آج سے شروع ہو کر 20 رمضان المبارک تک جاری رہےگی: وزیر اطلاعات پنجاب
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ نادار غریبوں سے رقم وصول کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو سرچ آپریشن کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے رمضان پیکج حاصل کرنے والوں کو ایسی کسی بھی شکایت کی فوری اطلاع دینے اور سرکاری فون 080002345 پر مفت فون کرکے شکایات درج کرانے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے مستحقین کو قطار سے بچانے کے لیے اس بار نقد رقوم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فراہم کی تھیں۔













