وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو غلط معلومات فراہم کی گئیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو غلط معلومات فراہم کی گئیں۔ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی سے منسوب کرنا عوام کی خواہش تھی۔
یہ بھی پڑھیے مولانا فضل الرحمان تمہاری حیثیت نہیں کہ عمران خان کے ساتھ بیٹھ سکو، علی امین گنڈا پور
انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ وفاق تو ہم پر سیاسی مقدمات قائم کر رہا ہے، ہمارے صوبے کے پیسے نہیں دیے جارہے ہیں۔ وفاق کیسز تو بنا رہا ہے لیکن امن و امان کی صورت حال پر توجہ نہیں دے رہا۔ قرضوں پر قرضے لیے جارہے ہیں، ان کی کارکردگی کیا ہے؟ انہوں نے ساری توجہ پی ٹی آئی پر دی، دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا۔یہ دہشتگردی روکنے کے لیے پالیسی نہیں بنا رہے ہیں، ان کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے۔
’پنجاب حکومت اشتہارات دے رہی ہے لیکن کارکردگی کچھ نہیں ہے۔ میں ویڈیوز بنانا شروع کردوں تو کیا اس سے کارکردگی ظاہر ہوگی؟‘
یہ بھی پڑھیے ’چاہے جان چلی جائے، عمران خان کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں آؤں گا‘، علی امین گنڈا پور کے حلف کی ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ کرم میں جن لوگوں نے حملہ کیا ہے، ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے۔ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ٹی او آرز بنائے گئے ہیں۔ اور افغانستان سے بات کرنے کے لیے ٹی او آرز وفاق کو بھیجے ہیں۔ وفاق اس معاملے کو سنجیدہ لے، ابھی تک وہاں سے جواب نہیں آیا۔ افغانستان سے بات چیت کیے بغیر یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔