عمران خان کے خلاف عسکری حکام پر الزامات کا مقدمہ: سماعت 11 مئی کو مقرر

بدھ 26 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حکم نامہ تحریر کیا۔

یاد رہے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مجسٹریٹ کی مدعیت میں عمران خان کے خلاف عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں مقدمہ درج ہے۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت تک جواب جمع کروائیں۔

عمران خان کی طرف سے اسپیشل اٹارنی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جو الزام لگایا گیا یہ وقوعہ لاہور کا ہے یہاں مقدمہ درج نہیں ہو سکتا۔ رجسٹرار آفس نے کیس 11 مئی کو آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں لگائے الزامات کسی جرم کے زمرے میں نہیں آتے۔ عمران خان نے اس مقدمہ میں لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرا رکھی ہے۔

عمران خان نے فوجی افسران کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے اور ان کے اہل خانہ کو خطرے میں ڈالا : ایف آئی آر

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عسکری اداروں کے افسروں کے خلاف باتیں کرنے پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 6 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں درج مقدمہ کے مطابق عمران خان نے اپنی تقریر میں فوجی افسروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے ان افسروں اور ان کے اہل خانہ کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔

عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں درج مقدمہ میں عمران خان نے 14 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لی تھی جو آج (26 اپریل) ختم ہو جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp