امریکی سیکرٹ سروس نے اتوار کی صبح وائٹ ہاؤس کے باہر ایک مسلح شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا جس کے بعد اس مشکوک شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیے: وائٹ ہاؤس کے سامنے خون سے لتھڑی ہوئی گڑیوں کی بارش
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے ’سیکرٹ سروس‘ کے اہلکاروں کو ہفتے کے روز مقامی حکام کی جانب سے ایک اطلاع ملی تھی کہ ایک مشکوک شخص امریکی شہر انڈیانا سے واشنگٹن کی طرف سفر کر رہا ہے، بعد میں اس کی گاڑی وائٹ ہاؤس کے قریب کھڑی پائی گئی۔
سیکرٹ سروس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جب اہلکاروں نے اس شخص کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تو اس نے ایک آتشیں اسلحہ نکالا، جس کے بعد سکرٹ سروس نے مذکورہ شخص پر فائر کھول دیا۔
بعدازاں، زخمی ہونے پر مشکوک شخص کو ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم، اس کی حالت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وائٹ ہاؤس میں دعوت افطار پر آئے دلیر فلسطینی ڈاکٹر نے صدر بائیڈن کو سب کے سامنے کھری کھری سنادی
واشنگٹن پولیس نے کہا کہ اس کے ماہر تفتیش کار اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس امریکی صدر کی رہائش گاہ اور دفتر ہونے کی وجہ سے نہایت سخت سیکیورٹی زون مانا جاتا ہے تاہم ماضی میں کئی دفعہ مسلح یا مشکوک افراد نے اس کا سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔