صدر زرداری وفاق کی علامت نظر نہیں آئے، خطاب میں کوئی نئی بات نہیں تھی، پی ٹی آئی

پیر 10 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خطاب میں کوئی نئی بات نہیں تھی، صدر وفاق کی علامت نظر نہیں آئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہاکہ صدر مملکت نے آج پارلیمنٹ سے جو خطاب کیا اس میں کوئی نئی بات نہیں تھی، شہباز شریف کی رجیم میں کیا خاص بات ہے جو یہ شہنائیاں بجائی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا: صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب

عمر ایوب نے کہاکہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، ملک پر 4 ہزار ارب سے زیادہ قرض چڑھا دیا گیا، اب کراچی کا پانی بھی بیچا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فوج بھی میری ہے اور یہ ملک بھی میرا ہے، بلوچستان میں پیٹرولیم کی اسمگلنگ عروج پر ہے، اس وقت 3 روز سے صوبے کے دارالحکومت کوئٹہ میں لاک ڈاؤن ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ملک میں رول آف لا نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں آرہی، اور مزید 2 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آج کے خطاب میں صدر آصف زرداری وفاق کی علامت نظر نہیں آئے، اسی وجہ سے ہم نے احتجاج کیا۔

صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کا احتجاج

اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف زرداری کے خطاب کے دوران اپوزیشن اراکین نے شدید نعرے بازی کی۔ صدر نے کانوں پر ہیڈ فون لگا کر اپنا خطاب مکمل کیا۔

اپوزیشن کے شور شرابے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف کو بھی کانوں پر ہیڈ فون لگانے پڑے، صدر مملکت تقریر کے دوران اپوزیشن کی طرف دیکھ کر مسکراتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں صدر آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ریکارڈ آٹھواں خطاب

ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قیدی نمبر 804 کے نعرے لگائے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp