انڈین ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلٰی اور تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے صدر چندرابابو نائیڈو نے لوگوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دی ہے جبکہ وجیا نگرم سے پارٹی کے رکن اسمبلی کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے تیسرا بچہ پیدا کرنے والی خواتین کو فی کس 50 ہزار انڈین روپے دینے کی پیشکش کی ہے اور جو خاتون لڑکے کو جنم دے گی اسے ایک گائے بھی دی جائے گی۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ اپنی تنخواہ سے یہ نقد انعام دیں گے۔ ان کی یہ پیشکش سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ٹی ڈی پی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اس اعلان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔ ان کے مطابق خواتین نے اس پیشکش کو انقلابی قرار دیا ہے جبکہ آندھرا پردیش کے وزیراعلٰی نے بھی اس اعلان پر رکن اسمبلی کی تعریف کی ہے۔ کالیسیٹی اپالانائیڈو نے یہ اعلان خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ میٹنگ میں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کسی غیر ملکی بچے کی پیدائش پر پاکستانی شہریت نہیں دی جائیگی، ترمیمی بل پاس
رواں ماہ نئی دہلی کے اپنے دورے کے دوران وزیراعلٰی چندرابابو نائیڈو نے جنوبی بھارت میں آبادی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی بڑھتی عمر کی آبادی سے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ یو پی اور بہار جیسی ریاستوں کی زیادہ آبادی جوان لوگوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے آبادی کے کنٹرول کے بجائے طویل مدتی آبادیاتی انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی خاندانی منصوبہ بندی کی حمایت کرتے تھے لیکن اب اپنے خیالات بدل رہے ہیں اور آبادی کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ بھارت کو زیادہ آبادی کے فوائد حاصل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں:’ کیا بلی کے بچوں کو میرے بچے سمجھا جاسکتا ہے؟‘
چندرابابو نائیڈو نےعالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک پروگرام میں اعلان کیا کہ تمام خواتین ملازمین کو بچے کی پیدائش کے دوران چھٹی دی جائے گی، چاہے ان کے کتنے بھی بچے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مائیں صرف 2 بچوں کی پیدائش پر چھٹی حاصل کرسکتی تھیں۔ اب تمام بچوں کی پیدائش پر چھٹی دینے کا فیصلہ کر رہے ہیں اور اس کا مقصد خاندانوں کی ترقی کو فروغ دینا، آبادی میں توازن قائم کرنا اور خواتین کو ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگیوں کو ہم آہنگ کرنے میں مدد کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کو مضبوط بنانے اور آندھرا پردیش کے لیے ایک مضبوط مستقبل بنانے کے لیے پرعظم ہیں۔