وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے ریسکیو آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بھارتی میڈیا ملتی جلتی ایک زبان بولتے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دوران آپریشن پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا ملتی جلتی زبان بولتے رہے، افغانستان سے بھی سوشل میڈیا پر ایسی ہی زبان بولی جاتی رہی، ہم پر لازم ہے کہ سیاسی مفادات سے بالا ہوکر قومی وحدت کا مظاہرہ کریں۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 جوان شہید
ہمارے بہادر محافظوں نے بڑے سانحہ سے ملک کو بچالیا اور 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالیوں کو رہا کروا لیا۔
واضح رہے کہ منگل کو بولان میں دہشتگردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ فورسز نے طویل آپریشن کرکے 33 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جبکہ دہشتگرد حملے میں 21 مسافر اور 4 سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے تھے۔