جعفر ایکسپریس واقعہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

جمعہ 14 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جعفر ایکسپریس کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج  ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

یہ اہم ترین پریس کانفرنس آج شام 3:30 بجے اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ پریس کانفرنس میں جعفر ایکسپریس کے واقعہ اور سیکیورٹی فورسز کے ریسکیو آپریشن پر مفصل بریفنگ دی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیراعلیٰ بلوچستان واقعہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے اہم نکات  پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیےجعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 جوان شہید

واضح رہے کہ 11 مارچ کو بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان شہید ہوگئے۔ دہشتگردوں نے 21 معصوم مسافروں کو بھی شہید کردیا۔

قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 11 مارچ کو ایک بجے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اڑایا گیا۔ دہشت گردوں نے بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا۔

یہ بھی پڑھیےجعفر ایکسپریس حملہ، ٹرین ڈرائیور نے حملے کے وقت کیا دیکھا، آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

فوجی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا۔

انہوں نے کہاکہ وہاں پر موجود تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو بھی ہلاک کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی مہارت سے ایک بھی خود کش بمبار کو پھٹنے کا موقع نہیں دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں میں خود کش بمباروں نے معصوم بچوں اور خواتین کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا۔

دہشتگردوں نے یرغمال مسافروں کو مختلف ٹولیوں میں تقسیم کررکھا تھا۔ کلیئرنس آپریشن کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے بعد بازیاب یرغمال مسافروں کو پاک فوج کے جوان بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp