پاکستان کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے قومی کرکٹ ٹیم پر مسلسل تنقید پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ انتظار کررہے ہوتے ہیں کہ قومی ٹیم ہارے اور ہم تنقید شروع کریں۔
منگل کے روز اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف بارش سے متاثرہ دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پانچ وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر شائقین کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
میچ کے بعد کی پریزنٹیشن میں حارث رؤف نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تنقید کا کلچر معمول بن چکا ہے، کھلاڑیوں پر تنقید کرنا ایک عام سی بات ہے، یہ نوجوان کھلاڑی ہیں جنہیں موقع دیا گیا ہے۔
حارث رؤف نے نشاندہی کی کہ دوسری ٹیمیں نوجوان کھلاڑیوں کو کامیابی کے لیے کافی مواقع فراہم کرتی ہیں، اکثر انہیں ایڈجسٹ کرنے کے لیے 10 سے 15 میچز کھلینے کا موقع دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے نومولود بیٹے کے ساتھ ویڈیو شیئر کردی، نام بھی بتادیا
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ میں داخل ہوتے ہیں تو آپ جدوجہد کرتے ہیں، یہ اب پاکستان میں عام ہو گیا ہے کہ لوگ ہمیں ہارتے ہوئے دیکھنے کے منتظر رہتے ہیں اور ساتھ ہی تنقید شروع کردیتے ہیں، لوگوں کی اپنی رائے ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو طرفہ ٹی20 سیریز کا تیسرا اور اہم میچ جمعے کے روز کھیلا جائے گا،اس میچ میں پاکستان کو شکست ہوتی ہے تو نیوزی لینڈ کو 5 میچوں کی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل ہوجائے گی۔