عام انتخابات: پی ٹی آئی اور حکومتی اتحاد کے مذاکرات کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں مکمل، اگلی ملاقات جمعہ کو ہوگی

جمعرات 27 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا تین رکنی وفد حکومتی اراکین سے مذاکرات کے لیے پارلییمنٹ ہاؤس پہنچ گیا۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی میں پارٹی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، سینیئر نائب صدر فواد حسین چوہدری اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ایاز صادق ، سید نوید قمر، خواجہ سعد رفیق ، کشور زہرہ، یوسف رضا گیلانی اور ابوبکر آغا شامل ہیں جب کہ وزیر قانون اعظم تارڑ بطور معاون کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان چئیرمین سینیٹ کے کمرے میں داخل ہونے سے روکے گئے تھے جس پر وہ نارض ہو گئے تھے تاہم وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ایم کیو ایم اراکین کو واپس لے آئے۔

پی ٹی آئی وفد نے عمران خان کا مؤقف پی ڈی ایم اتحاد کے اراکین کو پہنچادیا ہے۔ پی ٹی آئی وفد نےانتخابات کے طریقہ کار اور پارٹی مؤقف کو پی ڈی ایم کی ٹیم کے سامنے رکھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بدھ کو مذاکرات کے لیے تین رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔ جمعہ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کر دیا کہ بات چیت کا ایک نکاتی ایجنڈا پورے ملک میں بیک وقت ایک ہی روز انتخابات کا انعقاد ہوگا۔

جہاں تک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا تعلق ہے انہوں نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت (جمعیت علما اسلام، ف) سینیٹ میں بھی پی ٹی آئی سے ہونے والے مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کچھ ابتدائی گفتگو کے بعد مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا۔ اجلاس کے بعد  پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سیّد یوسف رضا گیلانی نے میڈیا کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے اب دوبارہ ملاقات جمعہ کو 3 بجے  ہوگی۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دونوں وفود میں اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد کا تو کئی مطالبہ نہیں ہے اور جہاں تک پی ٹی آئی کے مطالبات کا تعلق ہے تو وہ ان کی طرف سے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں سامنے رکھے جائیں گے جن سے اتحادی ٹیم اپنی جماعتوں کو آگاہ کردے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمیں آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اور ریاست و عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان معاملات کو دیکھنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp