کرکٹ میچ کے دوران تھوک سے بال چمکانے پر عائد پابندی ختم ہونے کو پاکستان کے فاسٹ بولرز نے خوش آئند قرار دے دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب کورونا وائرس کے دوران تھوک سے بال چمکانے پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے باعث ان 5 سالوں کے دوران بولرز پسینے سے بال چمکاتے ہیں، تاہم اب بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل کے دوران بال پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کردی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہاکہ تھوک سے بال جلدی چمک جاتا ہے، اگر بال پر تھوک لگانے کی اجازت مل جاتی ہے تو بال چمکانے میں آسانی ہوگی، تاہم اس کے باوجود اچھی بولنگ بھی ضروری ہوگی۔
فاسٹ بولر وسیم جونیئر نے بال پر تھوک لگانے کو اپنے لیے مددگار قرار دیا۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف کا اس پر کہنا ہے کہ پیسنے کی نسبت تھوک لگانے سے بال زیادہ چمکتا ہے، پابندی لگنے کے باعث کہا جارہا تھا کہ پہلے جیسی بولنگ نہیں ہورہی، اب اگر اجازت ملتی ہے تو امید ہے کہ پہلے جیسی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
فاسٹ بولر عاکف جاوید نے کہاکہ بال پر تھوک لگانے کی اجازت ملنے سے بولرز کو ضرور مدد ملے گی۔