محکمہ موسمیات نے کل سے 27 مارچ تک ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ وزیرستان، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل سے اسلام آباد، راولپنڈی، گلیات، چکوال، مری اور اٹک میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بارشیں نہ ہونے کے اثرات، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی
اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ناروال میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔