پاکستان کی ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ، وفاقی حکومت نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی

منگل 25 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں ترسیلات زر اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

8 ماہ میں مہنگائی کی شرح 5.9 فیصد ریکارڈ کی گئی اور اپریل میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 2 سے 3 فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں مہنگائی کی شرح 28 فیصد تھی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری ترسیلات زر میں 32.5 فیصد اضافہ ہوگیا اور اس کا حجم 23.96 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیے: ملکی معیشت درست سمت پر گامزن، وزارت خزانہ نے اپریل کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملکی برآمدات میں 7.2 فیصد اضافہ ہونے کے بعد برآمدات کا حجم 21.82 ارب ڈالر ہو گیا، جبکہ درآمدات میں 11.4 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد درآمدات کا حجم 38.32 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 41 فیصد اضافہ ہوا، تاہم پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 211 ملین ڈالر اور مالیاتی خسارہ 1.7 فیصد کم ہوا۔

رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینے میں پاکستان میں ترسیلات زر 24 ارب ڈالر تک اور زر مبادلہ کے ذخائر 11.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی معاشی سمت درست قرار، سروے رپورٹ میں اعتراف

جولائی تا فروری میں ٹیکس وصولیوں میں 25.9 فیصد اضافہ ہونے کے بعد 7344 ارب روپے رہی جبکہ نان ٹیکس ریونیو میں 75.8 فیصد اضافے کے بعد اس کا حجم 3763 ارب روپے ہو گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا فروری لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی گروتھ منفی 1.22 فیصد رہی۔ تاہم، مہنگائی کی شرح میں بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں فروری میں مہنگائی سالانہ بنیادوں پر 1.5 فیصد کم ہوئی، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں وزیرستان میں کنوئیں سے تیل و گیس کی پیداوار کا بھی ذکر کیا گیا ہے جہاں یومیہ 26 ملین میٹر اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس کی جبکہ 244 بیرل خام تیل حاصل ہو رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp