چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

منگل 25 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

یہ بھی پڑھیں چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت ختم ہوچکی، 26ویں ترمیم کے ذریعے چل رہے ہیں، بیرسٹر گوہر

درخواست پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس کی سماعت کل جسٹس محمد اعظم خان کریں گے۔

درخواست میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی مدت مکمل ہوچکی ہے۔ اب نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی عدم تعیناتی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی عدم تعیناتی پر وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو ذمہ دار قرار دے کہ یہ آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت وزیراعظم کو آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت اپوزیشن لیڈر سے بامعنی مشاورت کے احکامات جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیں چاہے کوئی گالیاں دے، آئین کے مطابق کام کرتے رہیں گے، چیف الیکشن کمشنر کا شعیب شاہین کو جواب

عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر سمیت سندھ اور بلوچستان کے ممبران کے عہدے پر رہنے کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp