دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے ان رپورٹس کا نوٹس لیا ہے جن میں پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے کی بات کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہاکہ اس حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے قابل استعمال نہیں ہے، لہٰذا موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادہ ہوگیا، حماس کا دعویٰ
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف تبدیل نہیں ہوا، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔ ان حقوق میں 1967 سے پیشگی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی صحافیوں کے ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔