کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں موت کا رقص جاری ہے، آج بھی کارساز روڈ پر کار سوار نے میاں بیوی کو روند ڈالا، حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: ٹینکر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق، پیدا ہونے والا نومولود بھی چل بسا
ریسکیو ذرائع کے مطابق مشتعل شہریوں نے ٹکر مارنے والی گاڑی کو روک لیا تھا، جس کے ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، مگر ٹائر پھٹنے کے باعث گاڑی میں سوار ایک شخص کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ٹکر مارنے والی گاڑی میں 4 افراد سوار تھے، جن میں سے 3 فرار ہوگئے ہیں، مشتعل افراد کی جانب سے ملزمان کی گاڑی پر توڑ پھوڑ کرنے کے باعث ٹریفک جام رہا، تاہم بعد ازاں صورتحال کو کنڑول کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ کار کے ڈرائیور کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے، گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ہیں، گاڑی کو توڑنے والے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، اور لاشیں اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔
عینی شاہد کے مطابق 2 کاریں ایئر پورٹ کی طرف سے ریس لگاتی آرہی تھیں، کارساز کے مقام پر سفید کار نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری، میں بیوی بچوں کے ساتھ گزر رہا تھا، ہم کار سے بال بال بچے۔