سندھ کی مختلف جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے باعث ان کے لیے انتظامات بھی مشکل ہوجاتے ہیں، خاص طور پر رمضان میں جب ایک طرف غیر مسلم قیدیوں کے لیے روٹین کا کھانا تیار کرنا ہو اور ساتھ ہی مسلمان قیدیوں کے لیے افطار اور سحری کے بھی انتظامات کرنے ہوں۔
اس وقت سینٹرل جیل کراچی میں گنجائش سے زائد کم و بیش 7 ہزار قیدی ہیں، جن کے لیے رمضان میں خاص انتظامات کیے گئے ہیں، جیل کے باورچی خانے میں قیدی خود قیدیوں کے لیے کھانا بناتے ہیں اور جو قیدی کچن میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں ان کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیا گیا ہے، جو ایک کارڈ کی مدد سے انہیں فراہم کیا جاتا ہے تا کہ قیدی جیل کی کینٹین سے اپنی ضرورت کی اشیا خرید سکیں۔
رمضان میں افطار میں قیدیوں کو پھل، مشروب، چائے اور سالن دیا جاتا ہے جسے منتظمین جانچ کے بعد قیدیوں کو دینے کے احکامات دیتے ہیں، قیدیوں کو افطاری ان کے وارڈز میں پہنچائی جاتی ہے تاکہ کوئی بدنظمی نا ہوسکے۔