قوم اطمینان رکھے پاک فوج تیار ہے، جنرل باجوہ کے بیان کے حوالے سے آئی ایس پی آر کی پھر وضاحت

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج کی جنگی تیاری اور کچھ دفاعی سازوسامان کی حالت کے حوالے سے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وی نیوز نے منگل کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں بھی جنرل باجوہ سے منسوب اس بیان کے حوالے سے سوال کیا تھا جس میں مبینہ طور پر ٹینکوں اور فیول کے حوالے سے بات کی گئی تھی۔

اسی موضوع پر جمعہ کو ایک بار پھر آئی ایس پی آر نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان آرمی قوم کو یقین دلاتی ہے کہ پاک فوج کی جنگی تیاریاں ہمیشہ کی طرح قابل فخر ہیں۔

پاک فوج نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی قابلیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے۔
بیان میں یقین دلایا گیا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنے ہتھیاروں، سازو سامان اور جنگی تجربے سے لیس فوج کو جنگ کے لیے تیار رکھا ہے اور اب بھی ہمیشہ تیار رکھے گی۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی جنگی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا میں بحث سامنے آئی ہے جس میں فوج کے ہتھیاروں کے نظام اور جنگی صلاحیت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مباحثے اور دعوے سابق آرمی چیف کے مستقبل کے خطرات کے تناظر میں کیے گئے۔ سابق آرمی چیف کی صحافیوں سے آف دی ریکارڈ گفتگو کی بنیاد پر کیے گئے۔ سابق آرمی چیف کی بات چیت سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کی گئی۔

وی نیوز کے سوال پر افواج پاکستان کے ترجمان نے کیا کہا تھا؟

منگل کو پریس کانفرنس کے دوران وی نیوز کے صحافی وسیم عباسی نے افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری سے سوال کیا تھا کہ ممتاز اینکرپرسن حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان سمیت صحافیوں کو ایک بریفنگ میں ٹینکوں کے زنگ آلود ہونے اور فیول نہ ہونے کے حوالے سے بات کی ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ کی طرح مکمل تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر دشمن کے ساتھ جنگ اس کے علاقے تک لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp