خطے میں امن کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے، وزیر اعظم

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے، تمام ممالک سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔

رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم شہباز شریف نے پاس آوٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کیڈٹس کے والدین کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کا نام روشن کیا ہے انہی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاک فضائیہ دنیا میں نمایاں ہے۔ پاکستان مخالف عناصرکو بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ ملک کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے اور یقین دلاتا ہوں کہ معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ بھارت نے اگست 2019 سے کشمیر کو جیل میں تبدیل کیا ہوا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

پاک فضائیہ کی پاسنگ آ ؤٹ پریڈ میں سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی شرکت کی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیردفاع خوا جہ آصف اور سربراہ پاک فضائیہ ائرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو بھی شریک ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp