عمران خان کی ترقی باتوں کی حد تک تھی، نواز شریف

جمعہ 20 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گا، عمران خان کی ترقی باتوں کی حد تک تھی، نواز شریف

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے 4 سال کا میرے 4 سال کے ساتھ مقابلہ کریں، دیکھیں، ہمارے دور میں کیا حالات تھے اور اس کے دور میں کیا حالات تھے؟

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گا، ہم نکالیں گے، ہمارے دور میں لوگ خوشحال تھے، عمران خان کی ترقی صرف باتوں کی حد تک تھی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے گوجرانوالہ کے جلسے میں ہر بات کھول کر رکھ دی تھی، ن لیگ کے دور میں بڑی خوشحالی تھی، نہ کسی کی شکل چھپی ہوئی ہے اور نہ ہی کسی کا نام چھپا ہوا ہے۔

ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھمایا گیا اور گھناؤنا مذاق کیا گیا لیکن ہم پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالیں گے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلے کہا تھا کہ وہ اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبر زپورے تھے، نواز شریف کی قیادت میں تمام لوگ متحد ہیں، پنجاب کے الیکشن میں ن لیگ کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف سے رہنمائی لی ہے اس کے مطابق ہی آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے، مریم نواز اگلے ہفتے وطن واپس آئیں گی، مریم نواز کا 26،27 کو وطن واپسی کا پروگرام ہے، نواز شریف عام انتخابات میں ن لیگ کی مہم چلائیں گے، نواز شریف کی واپسی طے ہے، کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے صحافیوں کے استفسار پر کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ اپنے لوگ ہی ان سے ناراض تھے، ہمارا 179 کا نمبر پیر کو بھی پورا تھا اور منگل کو بھی پورا تھا، عمران خان نے بار بار اسمبلیاں توڑنے کی تاریخیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پارٹی قائد ہیں، ووٹ اور سپورٹ ان کی ہے، نواز شریف کی انتخابات سے قبل واپسی ضروری ہے، توشہ خانہ میں عمران خان کا گھٹیا کردار سامنے آیا ہے، عمران خان کی گرفتاری بنتی ہے تو اداروں کو گرفتار کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp