چین نے ٹرمپ کی ٹیرف وار کا جواب دیدیا، تمام امریکی درآمدات پر 34 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چین کی وزارت خزانہ نے آج بروز جمعہ کہا ہے کہ وہ 10 اپریل سے تمام امریکی مصنوعات پر 34 فیصد اضافی محصولات عائد کرے گا۔ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عائد کیے گئے اضافی ٹیرف کا جواب ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ چین سے آنے والی تمام درآمدات پر 34 فیصد اضافی ٹیرف عائد کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں چین کا امریکا کی مسلط کردہ ’ٹیرف وار‘ آخر تک لڑنے کا اعلان
قبل ازیں چین کی طرف سے گزشتہ روز بیان سامنے آیا تھا کہ چین نے کہا ہے کہ امریکی ٹیرف عالمی اقتصادی ترقی کے لیے خطرہ ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ امریکا نئے ٹیرف کو فی الفور منسوخ کرے۔ چینی وزارت تجارت نے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے ٹیرف سے خود امریکی مفادات اور عالمی سپلائی چین کو نقصان پہنچے گا۔
چین نے اعلان کیا کہ اگر امریکا جنگ چاہتا ہے، چاہے وہ ٹیرف ہو یا تجارتی جنگ، بیجنگ آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی نے کینیڈا سمیت دنیا کے ان تمام ممالک کو شدید ردعمل پر مجبور کردیا ہے جو امریکا سے دو طرفہ تجارت کرتے ہیں۔ ان میں سے بعض ممالک نے امریکی ٹیرف کے جواب میں نسبتاً زیادہ سخت ٹیرف لگانے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینی برآمدات پر ایک اور حملہ، چین کا شدید ردعمل
کینیڈا نے بھی امریکا سے آنے والی تمام گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا جبکہ برازیلین پارلیمنٹ نے ٹرمپ ٹیرف سے نمٹنے کے لیے قانون کی منظوری دیدی ہے۔
آئرلینڈ نے کہا کہ یورپی یونین کو امریکی ٹیرف کا مناسب جواب دینا چاہیے۔ فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ یورپ کے ساتھ مل کر ٹرمپ ٹیرف کا جواب دیں گے۔