نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں بننے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 3 اہم ریکارڈ

ہفتہ 29 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم نے 3اہم ریکارڈ بنا ڈالے۔ قومی ٹیم ایک روزہ فارمیٹ میں 500 میچز جیتنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ ادھر نسیم شاہ نے کیریئر کے ابتدائی 6میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر کے ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

پاکستانی ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل میں 500 میچ جیتنے والی دنیا کی تیسری ٹیم

راولپنڈی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ جیت کر گرین شرٹس نے ون ڈے انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 500 فتوحات مکمل کر لیں۔

پاکستان سے قبل آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ پاکستان نے 500 ویں فتح اپنے 949 ویں ون ڈے میچ میں حاصل کی۔ آسٹریلوی ٹیم اب تک 978 میچ کھیل کر 594 جبکہ بھارتی ٹیم 1029 میچ کھیل کر 539 ون ڈے میچ جیت چکی ہے۔

کپتان بابر اعظم کے تیز ترین 12 ہزار رنز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پاکستان کی جانب سے تمام فارمیٹس میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ بابر اعظم نے یہ سنگ میل اپنی 277 ویں اننگز میں عبور کیا۔ اس سے قبل ویرات کوہلی نے تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

بابر اعظم نے 47 ٹیسٹ میچز کی 85 اننگز میں 3 ہزار696 رنز، 96 ون ڈے میچز کی 94 اننگز میں 4 ہزار 862 رنز اور 104 ٹی ٹوئنٹی میچز کی 98 اننگز میں 3 ہزار 485 رنز بنائے ہیں۔

نسیم شاہ کی کیریئر کے ابتدائی 6میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ورلڈ ریکارڈ

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کیریئر کے ابتدائی 6  ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر لیں۔ نسیم شاہ نے 6 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کر کے ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں نسیم شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کرکے نیوزی لینڈ ہی کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کا عالمی ریکارڈ  توڑ دیا۔ میٹ ہینری نے کیریئر کے ابتدائی 6 ون ڈے میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 واضح رہے گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 289 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5ایک روزہ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp