بی این پی کا مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

پیر 7 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

بی این پی کے رہنما ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں جنہوں نے آج کی شٹر ڈاؤن ہڑتال میں ہمارا ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں اخترمینگل کی گرفتاری کا عندیہ، بی این پی نے شٹرڈاؤن ہڑتال کی اپیل کردی

انہوں نے کہاکہ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز حضرات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، حکومت ہماری آواز سننے کو تیار نہیں۔

ساجد ترین نے کہاکہ حکومت ہمارے ساتھ مقابلے پر اتری ہوئی ہے، بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے ہمارے مطالبات کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین کی سڑکوں پر توہین کی گئی، اور اب ہمارے دھرنے کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔

بی این پی رہنما نے کہاکہ کل سڑکیں بند کرنے پر ہمارے 100 سے زیادہ افراد کو اغوا کیا گیا، اور گرفتار کیے گئے افراد میں کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بی این پی مینگل کے زیراہتمام ضلع مستونگ کے علاقے لک پاس میں دھرنا جاری ہے، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

یہ بھی پڑھیں بی این پی کا ایک مطالبہ تسلیم کرلیا لیکن ان کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا، سرفراز بگٹی

حکومت نے اختر مینگل کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ قافلے کو لے کر کوئٹہ کی جانب بڑھے تو انہیں گرفتار کر لیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp