نعمان اعجاز پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان ہیں جو ڈراموں میں اپنی شاندار پرفارمنس کے لیے جانے جاتے ہیں انہوں نے شوبز کیرئیر کا آغاز 1980 کی دہائی کے آخر میں اداکاری سے کیا تھا۔ ان کے مشہور ڈرامے ’دشت‘، ’میرا سائیں‘، ’درشہوار‘، ’جیکسن ہائٹس‘، اور ’پری زاد‘ ہیں۔
اداکاری کے علاوہ مشہور شو ’مذاق رات‘ کی میزبانی بھی نعمان اعجاز کی وجہ شہرت بنی۔ مگر انہوں نے جلد ہی اس شو کی میزبانی چھوڑ دی اور ان کی جگہ واسع چوہدری نے لے لی۔
حال ہی میں، ’مزاق رات‘ کے پروڈیوسر عرفان اصغر نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور انہوں نے نعمان اعجاز کو ’مزاق رات‘ سے نکالنے کی وجہ بتائی۔
یہ بھی پڑھیں: ’امید ہے یہ اس وقت با وضو ہوں گے‘ نعمان اعجاز اور صبا قمر کے بولڈ سین پر صارفین کی شدید تنقید
عرفان اصغر نے کہا، نعمان اعجاز لینز میں دیکھنا پسند نہیں کرتے تھے۔ دوسرے یہ کہ وہ ساری زندگی پروڈکشن یا پروڈیوسرز کے ساتھ کام کرتے ہوئے گزار چکے تھے اس لیے انہیں ایک ہی ٹیم کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی عادت نہیں تھی۔ ڈرامے کے لیے ہر بار انہیں نیا ٹیم، نئی تاریخیں، نیا اسکرپٹ، نئے منصوبے اور نئے لوگ ملتے تھے جبکہ شو میں ایسا نہیں ہوتا، لیکن پھر بھی انہوں نے شو کیا اور اپنا وقت دیا، جو قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ہم اس بات میں تفصیل میں نہیں جائیں گے کہ واسع چوہدری کو کیوں بلایا گیا، لیکن جب نعمان اعجاز شو کی میزبانی کر رہے تھے، زیادہ تر وقت مہمانوں اور نعمان اعجاز کے درمیان تقسیم ہو جاتا تھا اور مزاحیہ فنکاروں کو مناسب وقت نہیں مل رہا تھا، لیکن جب واسع کو شو میں لایا گیا تو مزاحیہ فنکاروں کو اچھا وقت ملنا شروع ہوا۔
واضح رہے کہ واسع چوہدری نے ’مذاق رات‘ شو کی تقریباً 7 سال تک میزبانی کی اور پھر چینل کو چھوڑ دیا۔ اس وقت شو کی میزبانی معروف اداکار عمران اشرف کر رہے ہیں۔