پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھائی سے ملاقات ہونے تک اڈیالہ جیل کے باہر ہی بیٹھنے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا عمران خان کو لے ڈوبا، گالم گلوچ بریگیڈ سے خود پی ٹی آئی بھی محفوظ نہیں، رانا ثنااللہ
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم سے کہا جارہا ہے کہ جیل نہیں جانے دیں گے، سوال ہے کہ کیوں نہیں جانے دے رہے؟
انہوں نے کہاکہ 2، 3 ہفتوں سے عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جارہی اور آج بھی پولیس کی نفری کھڑی کردی گئی ہے۔
علیمہ خان نے کہاکہ ایسی صورت میں ہم پریشان نہ ہوں تو کیا کریں؟ اگر ہماری ملاقات نہ کروائی گئی تو فیملی یہیں جیل کے باہر بیٹھے گی۔
اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھا کہ عمران خان کو 2 بڑی آفرز دی گئی ہیں، انہیں کہا جارہا ہے کہ ملک چھوڑ کر چلے جائیں یا دو سال تک خاموش رہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلافات کی لہر برقرار، معاملہ عمران خان کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی
انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ ہم اپنی پولیس اور عدلیہ کی آزادی کے لیے تحریک چلائیں، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ اگر آپ نے عمران خان کو سپورٹ کرنا ہے تو جمعرات کو اپنے لیڈر کے ساتھ جا کر کھڑے ہو جائیں۔