وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں امن ہو، نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ اخترمینگل سے بات کی جائے۔
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بلوچستان کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کو کردار ادا کرنے اور بلوچستان کے اسٹیک ہولڈرز بشمول اختر مینگل سے بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف چائتے ہیں بلوچستان میں امن ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ لک پاس دھرنا: حکومتی وفد اور اختر مینگل کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم
خواجہ آصف نے بتایا کہ نواز شریف نے محمد مالک صاحب کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ بلوچستان کے مسئلے پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور اگر ضروری ہوا تو وہ خود بلوچستان کا دورہ کریں گے۔
وزیردفاع نے کہا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بلوچستان میں مسائل کا سیاسی حل تلاش کیا جائے اور جتنی بھی جمہیوریت پسند قوتیں ہیں ان سے بات کی جائے اور ان مسائل سے نکلنے کی کوئی راہ اختیار کی جائے۔
اہم خبر: نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی طور پر حل نکالا جائے گا، نواز شریف نے ملاقات میں اختر مینگل اور بلوچستان کے اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کرنے کا کہا ہے جبکہ ماہرنگ بلوچ کے حوالے سے نواز شریف نے کوئی ذکر نہیں کیا : وزیر دفاع خواجہ آصف pic.twitter.com/u3lBnOlBph
— WE News (@WENewsPk) April 9, 2025
ماہ رنگ بلوچ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تھا کہ اس حوالے سے تو بات نہیں ہوئی تاہم یہ ضرور فیصلہ ہوا ہے کہ اختر مینگل سے رابطہ کیا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا پُرامن حل تلاش کیا جائے اور وہاں لوگوں کے جو مطالبات ہیں انہیں سنا اور پورا کیا جائے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں سیاسی اور معاشی نظام کو ٹھیک کیا جائے تاکہ وہاں موجود نوجوانوں میں جو بے چینی اور اضطراب ہے اس کو دور کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بی این پی کا ایک مطالبہ تسلیم کرلیا لیکن ان کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا، سرفراز بگٹی
خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا پُرامن حل تلاش کیا جائے اور وہاں لوگوں کے جو مطالبات ہیں انہیں سنا اور پورا کیا جائے۔
وی نیوز کے رپورٹر عارف ملک نے خواجہ آصف سے پوچھا کہ عمران خان مطالبہ کررہے ہیں کہ سلامتی کونسل کی ایک اور میٹنگ بھی کی جائے اور بلاول بھٹو بھی یہ بات کررہے ہیں تو وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر سب کا یہ مطالبہ ہے تو ضرور یہ میٹنگ دوبارہ ہونی چاہیے، اس میں کوئی اعتراض نہیں۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف سے بلوچستان کی بحراتی کیفیت سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، خواجہ سعد رفیق
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے نواز شریف سے ملاقات میں بلوچستان کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں کے سلگتے ہوئے مسائل کو اجاگر کیا ہے، لااینڈ آرڈر اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات ہوئی، صوبے کی پسماندگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
سعد رفیق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نواز شریف سے بطور سینیئر سیاسی رہنما اور سابق وزیراعظم کے طور پر صوبے کی بحراتی کیفیت سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے، نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی بات غور سے سنی اور اس پر مشاورت بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور ان کی پارٹی قیادت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ بلوچستان کے امن و استحکام، جمہوری رویوں کے فروغ اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
بلوچستان کے عوام کی نواز شریف سے امیدیں ہیں کہ وہ آکر مثبت کردار ادا کریں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور خاص طور پر مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے نیشنل پارٹی کے خیراسگالی کے وفد کو احترام دیا ہے اور روایت کے مطابق ہماری میزبانی کی ہے۔
اس وقت پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی نواز شریف سے اُمیدیں جُڑیں ہیں، چاہیں وہ بلوچستان کے سیاسی مسئلے ہوں یا معاشی، عبد المالک بلوچ pic.twitter.com/yQJiIYzSf7
— WE News (@WENewsPk) April 9, 2025
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں 2 دہائیوں سے خون بہایا جارہا ہے، ہم نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی قیادت سے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال پر آپ کا کردار بہت ضروری ہے، اس وقت بلوچستان کے عوام کی نواز شریف سے امیدیں ہیں کہ وہ آکر مثبت کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے گا؟
انہوں نے کہا کہ چاہے بلوچستان کے معاشی مسئلے ہوں یا سیاسی، ہم نے تفصیل سے بات کی ہے، اس وقت بی این پی مینگل کا دھرنا جاری ہے اور صوبے کی خواتین اور ورکرز جیلوں میں ہیں، ہم نے نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ حوالے سے اپنا کردار ادا کریں، امید ہے کہ نواز شریف اس میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
سربراہ نیشنل پارٹی نے کہا ’ہم سمجھتے ہیں کہ نواز شریف اس وقت ملک کے سینیئرترین سیاستدان ہیں، وہ راضی ہوگئے ہیں کہ وہ بلوچستان کے مسائل پر اپنا کردار ادا کریں گے، ہم نے نواز شریف سے یہ بھی درخواست کی ہے وہ بلوچستان کا دورہ کریں اور کچھ دن وہی گزاریں، جہاں وہ سیاسی اکابرین سے ملیں، تاکہ جس طرح نواز شریف نے 2013 میں انیشیٹو لی تھی، اس طریقے سے ہم معاملات کو حل کریں۔