سستی گیس لے کر مہنگی بجلی گرڈ کو فروخت کرنے والوں کی عیاشیاں ختم ، حکومت کا اہم اعلان

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے سستی گیس لے کر مہنگی بجلی گرڈ کو فروخت کرنے والوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے اور10 سے 14 ارب ڈالر سے نئی آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کے لیے پالیسی بنائی گئی ہے، فیکٹریوں کی گیس بند نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے روس سے تیل درآمد کرنے کا صرف ڈھنڈورا پیٹا، موجودہ حکومت نے روس سے تیل کے حصول کو ممکن بنایا اور بہت جلد ہمیں روسی تیل ملنا شروع ہو جائے گا جس سے قیمتیں بھی نیچے آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کابینہ کمیٹی  نے فیصلہ کیا ہے کہ امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی  کہا تھا کہ ہمیں قومی ترقی کے لیے توانائی کا انتظام  کرنا ہو گا جس پر ہم پہلے دن سے عمل پیرا ہیں اوراب بہتر نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہا کہ ہمیں 4 سے 5 فیصدترقی کے لیے 8  سے 9  فیصد توانائی کی ضرورت ہے جس کے لیے موجودہ حکومت کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، معاشی ترقی کے سفر کے لیے توانائی کی فراہمی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 10سے 14ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کے لیے پالیسی بنائی گئی ہے، اس فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہو گی۔

ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کر دیا گیا ہے،  ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال میں لانا ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp