جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں غزہ کی موجودہ صورت حال پر توجہ دلائی۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ہم نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر حکومت پاکستان کو متوجہ کیا ہے کہ ہمیں اس معاملے پر مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں غزہ مظالم: شہباز شریف اور حافظ نعیم کا عالمی قوتوں کی خاموشی پر اظہار تشویش
انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ چونکہ پاکستان کی معاشی حالت بہتر نہیں تو پاکستان کو آگے بڑھ کر کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حالات پیدا ہونے کی بھی یہی وجہ ہے کہ پاکستان مرکزی کردار ادا نہیں کررہا۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اور امریکا سمیت پورا مغرب اس کے ساتھ کھڑا ہوگیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ ہم نے وزیراعظم کو کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر پاکستان کو صرف مؤقف کی حد تک بات نہیں کرنی ہوگی بلکہ وہ رول ادا کرنا ہوگا جو اس کے شایان شان ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے تجویز کیا ہے کہ پارلیمنٹیرنز مختلف ممالک کا دورہ کریں اور غزہ کی صورت حال پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ورنہ ہم مجرموں کی صف میں کھڑے نظر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، ہم اسرائیل کی طرف بڑھنے والا ہر قدم اور ہر ہاتھ توڑ دیں گے، پوری دنیا بھی اگر اسرائیل کو تسلیم کرے گی تو پاکستان نہیں کرےگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ اس کے علاوہ ہم نے وزیراعظم سے ملاقات میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کیا ہے، لیکن ہم نے واضح کیا ہے کہ بنیادی ٹیرف میں کمی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں مزید کمی ہونی چاہیے، حکومت جتنے مرضی اعداد و شمار پیش کر دے لیکن ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم نے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے حوالے سے ہم نے حکومت کو تجاویز دی ہیں، سی پیک کے تحت بلوچستان میں منصوبے مکمل ہونے چاہییں، اس وقت بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے تجویز بھی دی ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کی کنجی افغانستان کے ساتھ مذاکرات کرنے میں ہے، دونوں ممالک کو بات چیت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ملاقات میں کراچی کے مسائل پر بھی بات چیت کی، نہروں کے معاملے پر بھی ہم نے بات کی کہ اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں زیر بحث لانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم سے حافظ نعیم کا ٹیلیفونک رابطہ، بجلی کی قیمتوں میں کمی پر شکریہ ادا کیا
انہوں نے مزید کہاکہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر لیت و لعل سے کام لیا تو ہم احتجاج کا حق استعمال کریں گے۔