وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور بیلا روس کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب کے بعد بیلا روس کے صدر لوکا شینکو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی قیادت میں بیلا روس نے نمایاں ترقی کی۔ بیلاروس میں مقیم پاکستانی اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستان اور بیلا روس کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے شاندار استقبال پر صدر لوکا شینکو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس کی قیادت نے دورے کے دوران ہماری بہترین میزبانی کی۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہماری مفید بات چیت ہوئی۔ مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دارالحکومت منسک کی خوبصورتی کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے۔
بیلا روس کے صدر لوکا شینکو نے پاکستانی وزیراعظم کے دورہ بیلاروس پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلا روس بزنس فورم کا انعقاد تجارت کے فروغ کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
قبل ازیں دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجا جائے گا، اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جائے گا۔ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔ الیکٹرک گاڑیوں، بسوں کی تیاری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں میں حالیہ مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا۔ جبکہ باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیلا روس کے دوران بیلا روس کے داخلی امور کی وزارت اور پاکستانی وزارت داخلہ کے مابین معاہدہ ہوا ہے۔ اسی طرح پاکستانی وزارت دفاع اور بیلا روس کی وزارت دفاع میں فوجی تعاون کا معاہدہ ہوا ہے۔