جس طرح ہر علاقے کی اپنی سوغات یا پہچان ہوتی ہے، ایسے ہی قدرتی حسن سے مالا مال مانسہرہ کے علاقے اچھڑیاں کا چپلی کباب بھی مشہور ہے، جس کا ذائقہ ملک کے دور دراز علاقوں سے لوگوں کو حسین وادی میں کھینچ لاتا ہے۔
یوں تو چپلی کباب پاکستان بھر میں بنتا ہے لیکن اپنے منفرد ذائقے کی وجہ سے مشہور اچھڑیاں کا چپلی کباب کھانے میں جتنا لذیذ ہے اتنا ہی یہ سادگی سے بنایا جاتا ہے، اس چپلی کباب میں گوشت کی مقدار زیادہ جبکہ مصالحے کم ہوتے ہیں اور اسے بڑے گوشت کی چربی میں بنایا جاتا ہے، اچھڑیاں کے بازار میں چپلی کباب کے کئی ڈھابے ہیں اور ہر ایک کا ذائقہ دوسرے سے مختلف اور منفرد ہے۔
یہ چپلی کباب موسم سرما میں بہت کھایا جاتا ہے جبکہ اس پر رش گرمیوں کے موسم میں اس لیے بھی زیادہ ہوتا ہے کیوں کہ سیاحوں کا رش ہو جاتا ہے۔
اس کباب کا ذائقہ چکھنے کے لیے آپ کو سی پیک اچھڑیاں انٹرچینج سے شاہراہ ریشم پر اترنا ہوگا اور پھر مزید 2 منٹ کی ڈرائیو پر آپ مطلوبہ جگہ پر پہنچ کر خوشبودار چپلی کباب نوش کرسکتے ہیں۔