عوام کو پیٹرول میں ریلیف نہ دینے کا فیصلہ، کیا معاملہ عدالت تک جاسکتا ہے؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

بدھ 16 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی اہم قومی فیصلے کیے گئے۔ جس میں سے ایک فیصلہ یہ تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والی بچت کو صارفین تک منتقل نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ رقم بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

اس خبر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔ تجزیہ کار شہباز رانا کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو کہ غریب اور امیر سب پر یکساں لاگو ہوگا۔ اس ٹیکس کا مقصد بلوچستان میں ایک سڑک کی تعمیر اور نہر کی تکمیل ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی میں اضافہ ہوگا۔ یہ فیصلہ ایک کمزور پالیسی اقدام ہے اور اسے منی بجٹ کے مترادف قرار دیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ، حقیقت کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان مالی طور پر خودکفیل صوبہ ہے، جس کے پاس دسمبر 2024 تک 91.4 ارب روپے کا بجٹ موجود تھا، جب کہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 1100 ارب روپے کی خطیر رقم بھی دستیاب ہے۔

ایسے حالات میں حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر دیے جانے والے عوامی ریلیف کو روکنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ہم بلوچستان کی ترقی کے حامی ہیں، لیکن اس کے لیے وزیرِاعظم کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹرینز کے صوابدیدی فنڈز اور دیگر موجودہ وسائل بروئے کار لائیں۔

شہباز رانا کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ مزید زیادتی نہ کی جائے۔ عوام کم از کم 8 روپے فی لیٹر قیمت میں کمی کے حق دار ہیں۔

سابق وزیراطلاعات فواد حسین کا کہنا تھا کہ روایتی طور پر بلوچستان میں بڑے منصوبے صرف کرپشن کے لیے بنائے جاتے ہیں، بہت ہی قابل مذمت ہے کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے لوگوں پر خصوصی ٹیکس لگایا جائے کہ بلوچستان میں ایک اور بے کار سڑک کا منصوبہ مکمل کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ہو گا، صوبے اپنے ترقیاتی منصوبے اپنے وسائل سے مکمل کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ’ٹیکس‘ کا لفظ استعمال کرنا نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ یہ اس بات کا عکاس بھی ہے کہ آپ کی سوچ زمینی حقائق سے کس قدر دور ہے۔ یہ مؤقف سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے حاصل شدہ بچت کو بلوچستان کی ترقی پر صرف کر رہی ہے۔ جو کہ ملک کے سب سے نظرانداز کیے گئے اور محروم علاقوں میں شامل ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ یہ کوئی مالی بوجھ نہیں، بلکہ ایک دیر سے پورا ہونے والا وعدہ ہے۔ پیٹرول کی وقتی کمی وقتی ریلیف دیتی ہے، لیکن حقیقی تبدیلی وہ ترقیاتی منصوبے لاتے ہیں جو سڑکوں، اسکولوں اور روزگار کے مواقع کی شکل میں عوام کی زندگیوں کو بہتر بناتے ہیں۔

انہوں نے شہباز رانا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس قسم کی سوچ اور فیصلوں کو سمجھنے کے لیے دور اندیشی اور احساس درکار ہوتا ہے جو آپ کے مؤقف میں بظاہر موجود نہیں۔ اس طرح غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ ابتدائی تاثر یہ ہے کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر جانبداری پر مبنی ہے۔ خیبر پختونخوا بھی بدامنی اور امن و امان کی خراب صورتحال سے بری طرح متاثر ہے، مگر حکومت اس کی مشکلات کو یکسر نظرانداز کر رہی ہے۔ ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابق فاٹا) کی محرومیوں کا بھی کوئی ازالہ نہیں کیا جا رہا، اور نہ ہی نئے این ایف سی ایوارڈ پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح، 1990 کی دہائی میں شروع کیے گئے سی آر بی سی لفٹ کینال فیز 1 منصوبے کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا اور ملک کی غذائی خودکفالت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

ایسے فیصلے صرف کابینہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، بلکہ انہیں نیشنل اکنامک کونسل (NEC) جیسے فورمز پر زیر غور لایا جانا چاہیے، جہاں تمام وفاقی اکائیوں کی مکمل نمائندگی موجود ہوتی ہے۔

شکیل احمد نے لکھا کہ اگلے بجٹ میں مزید ٹیکسز لگائے جائیں گے۔

کریم خواجہ لکھتے ہیں کہ یہ حکومت کی جانب سے اچھا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ ن لیگ کی ہائبرڈ حکومت کا ایک اور عوام دشمن قدم ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم کرنے کے بجائے مزید ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہائبرڈ رجیم سے مشاورت کے بعد عوام کو سستا پیٹرول دینے سے انکار کردیا اور بلوچستان میں ترقی کے نام کا بہانہ بنا لیا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp