سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو مہروں کے مریض ایک بزرگ شہری کا شف شف کے ذریعے علاج کرتے دیکھا جا سکتا ہے جو مشکل سے چھڑی کے سہارے چل رہے تھے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار بزرگ سے پوچھتا ہے کہ ان کو کیا تکلیف ہے جس پر بزرگ نے کہا کہ انہیں مہروں کا مسئلہ ہے ۔ پولیس اہلکار انہیں کہتا ہے کہ آپ چل کر دکھائیں۔ اہلکار کے کہنے پر بزرگ شہری چھڑی کے سہارے بمشکل چلتا دکھائی دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پولیس کا کام پیسے پکڑنا ہی رہ گیا؟‘، شادی پر پیسوں کا تھال پکڑے پنجاب پولیس کے اہلکار کی ویڈیو وائرل
پولیس اہلکار بزرگ شہری کے ہاتھ سے چھڑی لیتا ہے اور ان کی کمر پر ہاتھ رکھ کے بسم اللہ پڑھتے ہوئے شف کہہ کر دم کرتا ہے۔ ایسا کرنے پر بزرگ شہری سیدھا کھڑا ہو جاتا ہے اور ٹھیک سے چلنے لگتا ہے، حتیٰ کے دوڑ لگا کے بھی دکھاتا ہے۔ پولیس والا ان سے پوچھتا ہے کہ آپ کا علاج کیسا ہوا ہے جس پر بزرگ شہری کہتا ہے آپ نے بہت اچھا علاج کیا ہے اور مجھے نئی زندگی دے دی ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔ صحافی ہرمیت سنگھ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد پولیس نے شف شف سے بزرگ باباجی کا علاج کردیا جو چلنے پھرنے سے قاصر تھے۔
سجاد احمد لکھتے ہیں کہ اسلام آباد پولیس کے ہاتھ میں شفا ہے ان سے سب کا علاج کرنے کی درخواست ہے۔ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ بابا جی بھی معصوم ہیں۔
ہدایت اللہ لکھتے ہیں کہ پاکستان بھی ایسے ہی چل رہا ہے۔ ایک اور سوشل میڈیا صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جہالت ہی جہالت ہے۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک فنکار ملے گا۔ ماہا لکھتی ہیں کہ پولیس میں بھی شف شف آ گئی ہے۔