پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے پورے ملک میں ایک ہی وقت میں انتخابات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔
مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 29, 2023
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے مذاکرات کیے جائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں جس میں دونوں اطراف سے ایک ہی وقت میں انتخابات کرانے کے حوالے سے تجاویز سامنے آئی تھیں اور اب دونوں مذاکراتی ٹیمیں اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات کریں گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ اگر حکومت 14 مئی سے قبل قومی اسمبلی کو تحلیل کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ مذاکرات ختم ہو جائیں گے اور ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے آئینی جدوجہد کریں گے۔
یہ بھی ذہن نشین رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک ہی وقت میں انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا وقت دیا ہے۔ اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا مگر حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فنڈز جاری نہ کرنے کے باعث ضروری امور مکمل نہیں کیے جا سکے۔